0

دبئی کی دو معروف بین الاقوامی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کا پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد (25 نومبر 2021) دبئی کی دو معروف بین الاقوامی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیاہے۔اس ضمن میں دبئی کی نامور رئیل اسٹیٹ کمپنی سمانا ڈویلپرز اور ایچ اینڈ ایس رئیل اسٹیٹ نے دبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنے مشترکہ اشتراک اور پاکستان میں مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں میڈیا کو بتایا۔ اس سے پہلے دونوں اداروں کے اعلی افسران کے درمیان مشتراک اشتراک کے معائدے پر دستخط بھی ہوئے۔

پریس کانفرنس کے موقع پر دبئی میں پاکستان کے کونسل جنرل حسن افضل خان، کونسل خانہ اور دونوں کمپنیوں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔پاکستان کے کونسل جنرل حسن افضل خان نے پاکستان کے رئیل اسٹیٹ شعبے میں اتنی بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کرنے پردونوں کمپنیوں کو مبارک باد دی اور اس مشترکہ معائدے کو پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
حسن افضل خان نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری متحدہ عرب امارات میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے ایک فخر کی بات ہے کہ امارات کے سرمایہ کار ان کے ملک میں رئیل اسٹیٹ کے شعبہ میں بین الاقوامی معیار کے رئیل اسٹیٹ منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں۔
پاکستان کے کونسل جنرل حسن افضل خان نے فرمایا کہ سمانا ڈویلپرز اورایچ اینڈ ایس ر ئیل اسٹیٹ اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر پاکستان کے رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں جدید سہولتوں سے آراستہ منصوبوں کی تکمیل کریں گے جو کہ پاکستان کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

متعدد ایوارڈز یافتہ رئیل اسٹیٹ کمپنی سمانا ڈویلپرزکا شمار مشرق وسطی کی پہلی50 رئیل اسٹیٹ کمپنیوں جبکہ یو اے ای میں پہلے 20 رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز میں شمار ہوتا ہے۔سال 2021 میں سب سے زیادہ رہائشی یونٹ فروخت کرنے پر سمانا ڈویلپرز دبئی میں 16 ویں نمبر پر آیا ہے۔یہ نمایاں پوزیشن سمانا ڈویلپرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران فاروق کی وسیع کاروباری حکمت عملی کی عکاس ہے۔ سال 2022 میں سمانا ڈویلپرز یو اے ای میں پہلے سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے 35فیصدسیل میں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر عمران فاروق نے کہا کہ ہم پاکستان میں بڑی خواشات اور مضبوط ارادوں کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے جا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی کرنسی کے نیچے آنے کے باوجود ملک کا رئیل اسٹیٹ شعبہ پہلے سے زیادہ پر کشش ہے۔پاکستانی عوام بین الاقوامی معیار کے رہائشی منصوبوں کے خواہش مند ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں نہ صرف مقامی طرز تعمیر بلکہ عالمی معیارکے مطابق رہائشی سہولتوں کو یقینی بنائیں گے جس طرح کی رہائشی سہولتیں دبئی میں متعارف کرائی گئی ہیں۔عمران فاروق نے کہا کہ آج کے جدید دور میں ڈویلپرز کو جدید طرز تعمیر کے رجحانات کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے جس طرح کے رجحانات سمانا ڈویلپرز نے دبئی میں متعارف کیے ہیں۔
تعمیراتی شعبہ میں اس جدت کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے سمانا ڈویلپرز کے منصوبوں میں نمایاں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ کورونا کی وبا ء کے باوجود سمانا ڈویلپرز کے تعمیراتی منصوبوں میں عوام کی دلچسپی میں کمی نہیں ہوئی اور ہم نے اپنی تعمیراتی سرگرمیوں کو پوری رفتار کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔

پاکستان میں اپنے منصوبوں کی تفصیل بیان کرتے ہوئے عمران فاروق نے کہاکہ ہمارا مقصد پاکستان کوجدید معیار کی مکمل رہائشی کمیونٹی فراہم کرنا ہے اس لیے ہم نے ایک پلاٹ کی بجائے کئی بڑے پلاٹ خریدنے کو ترجیح د ی تاکہ معیاری رہائشی کمیونٹی کی تمام سہولتیں ایک جگہ پر فراہم کی جاسکیں۔ہم نے اس بات کا خیال رکھا ہے کہ ‘ ایمیرٹس ڈویلپرز ‘جو کہ دونوں گروپوں کے مشترکہ اشتراک سے پا کستان میں بنائی گئی رئیل اسٹیٹ کمپنی ہے۔جو اپنے منصوبوں میں فائیو سٹار کے معیار کی تمام سہولتوں کو متعارف کرا رہی ہے۔

اس موقع پر ایچ اینڈ ایس رئیل اسٹیٹ کے ڈپٹی چئیرمین ایماد حق نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ رئیل اسٹیٹ کی دونوں کمپنیوں سمانا ڈویلپرز اور ایچ اینڈ ایس کی کاروباری سوچ میں ایک زبردست مطابقت ہے جو اپنے وسیع بین الاقوامی تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستانیوں کو عمدہ رہائشی سہولیات فراہم کریں گے۔

ایماد حق نے بتایا کہ ایمیرٹیس ریزورٹ ان کے پاکستان میں اعلان کردہ منصوبوں میں پہلامنصوبہ ہوگا جو کہ سر سبز اور قدرتی نظاروں سے لیس اسلام آباد اور مری کے قریب ایکسپریس وے پر تعمیر کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ایمیرٹس ڈویلپرز اپنا تعمیراتی منصوبہ اگلے سال شروع کرے گی جس کی تکنیکی اور مالی تفصیلات اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران جنوری میں بتائی جائیں گی۔ انھوں نے بتایا کہ ایمریٹس ڈویلپرز کے منصوبے جدید رہائشی سہولیات اور عالمی معیار کے مطابق ہو نگے۔
رہائشی منصوبوں میں ایک، دو اور تین بیڈرومزکے آپارٹمنٹس، پینٹ ہاؤسز ہونگے۔جبکہ ان منصوبوں میں تمام سہولیات میسر ہونگی جن میں دربان کی خدمات، چوبیس گھنٹے سیکیورٹی، ایمبولینس کی فراہمی،لیموزین، آن ڈیمانڈ سروسزبشمول شیف، نینی، ڈرائیور،فائن ڈائننگ، روف ٹاپ ریسٹورنٹ، باسکٹ بال اور والی بال کورٹ، روک کلائمبنگ، بچوں کے کھیل کے میدان وغیرہ شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں